کیف: روس کا یوکرین پرحملہ تیسرے دن میں داخل ہو گیا ہے اور روسی افواج نے دارالحکومت کیف کا گھیراؤ کر لیا جس سے شہر وقفے وقفے سے دھماکوں سے گونج رہا ہے۔روسی فورسز کے یوکرینی دارالحکومت پر ہرطرف سے حملے جاری ہیں، لڑائی کیف کی گلیوں تک بھی پہنچ گئی، کیف میں شدید فضائی بمباری اور لڑائی جاری ہے۔
روسی اور یوکرینی افواج کے درمیان کیف کےچڑیاگھر، میٹرو اسٹیشن اورتھرمل پاور پلانٹ کے قریب شدید جھڑپیں ہوئیں، شہر زوردار دھماکوں اور فائرنگ سے لرز اٹھا۔روس نے بحر اسود سے کروز میزائل داغے، یوکرین کے شہروں خیر سون، میکولیف اور اڈیسا کے قریب لڑائی جاری ہے، روسی فوج نے یوکرین کے شہر ملیتو پول پر قبضہ کر لیا، روسی افواج یوکرین میں فوجی اہداف کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنا رہی ہیں۔
یوکرینی فوج نے روس کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے جس کے مطابق کیف کے جنوب میں دو روسی فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کو تباہ کیاگیا جس کے نتیجے میں 300 روسی فوجی ہلاک ہو گئے۔یاد رہے یوکرین کے مطابق اب تک تین ہزار 500 روسی فوجیوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جب کہ 200 فوجی زیرحراست ہیں۔ یوکرین نے اپنے دعوے میں مزیدکہا ہے کہ روس کے 14 طیارے، 8 ہیلی کاپٹر اور 102 ٹینک تباہ کیے جا چکے ہیں۔
Share this