کوئٹہ: حکومت اور ہرنائی بچاؤ تحریک کے درمیان مذاکرات کامیاب پریس کلب کے باہر 69روز قائم احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ ختم کرنے کااعلان کردیا، پیر کی شب صوبائی وزیر خزانہ نور محمد دمڑ، پارلیمانی سیکرٹری سردار مسعود علی خان لونی سمیت دیگر پر مشتمل وفد نے کوئٹہ پریس کلب کے باہر قائم ہرنائی بچاؤ تحریک کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں موجود مظاہرین سے مذاکرات کئے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ نور محمد دمڑ نے کہا کہ ہرنائی بچاؤ تحریک کے رہنماء گزشتہ 69روز سے عوامی مسائل کے حل کے لئے سراپا احتجا ج تھے انکا کوئی بھی مطالبہ ذاتی مفادات کے لئے نہیں تھا انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ وہ اجتماعی مسائل کو حل کرے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی گزشتہ دنوں ہرنائی کا دورہ کیا اور وہاں مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ہرنائی بچاؤ تحریک کے 47نکاتی ایجنڈے میں کئی اہم امور پر احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ انفراسٹرکچر، سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر مسائل ایسے ہیں جنہیں آئندہ پی
ایس ڈی پی میں شامل کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ علاقے کے مفاد کے لئے میرا دفتر ہر وقت کھلا ہے جلد ہی حل طلب مسائل کے حل کے لئے مزید اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے حکومتی یقین دہانی کے بعد ہرنائی بچاؤ تحریک کے رہنماؤں نے 69روز سے جاری احتجاجی کیمپ اور بھوک ہڑتال ختم کر نے کا اعلان کردیا۔