نئی دہلی :بھارت کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں مسافروں کو لے جانی والی گاڑی اور ایک ٹرک میں تصادم کے بعد کم از کم 18 افراد ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق یہ حادثہ ہفتے کی رات مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ سے تقریبا 164 کلومیٹر شمال میں واقع نادیہ ضلع کے پھولباری علاقے میں پیش آیا۔ایک پولیس اہلکار نے بتایاکہ گزشتہ رات دیر گئے لوگوں کو لے جانے والی ایک گاڑی پھولباری علاقے میں پتھروں سے لدے ایک کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق سوگوار متا ثرین ایک رشتہ دار کی لاش کو شمشان گھاٹ لے جا رہے تھے۔حادثے کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گاڑی تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی اور علاقے میں شدید دھند تھی۔مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔