کوئٹہ ( نامہ نگار ) ضلع کیچ تحصیل تمپ کے علاقے کوہاڑ سے تعلق رکھنے والے جبری لاپتہ پانچ نوجوانوں میں سے دوسرے نوجوان کی نعش بھی فورسز نے شہید کرکے پھینک دی ۔
مقامی ذرائع کے مطابق بلال بلوچ کی نعش آج ہوشک آباد کے علاقے سے ملی ہے۔ انہیں چار روز قبل کوہاڑ بازار سے پاکستانی فورسز اور مقامی آلہ کاروں نے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا تھا ۔
یاد رہے فورسز نے بلال کے ساتھ لاپتہ ہونے والے نوجوان عدیل بلوچ کی نعش گزشتہ دنوں پھینک دی تھی۔
جبری لاپتہ مشتاق سمیت تینوں نوجوان تاحال فورسز کی تحویل میں ہیں ،جن کے بارے لواحقین کو معلومات نہیں دیئے جارہے ہیں ۔
جھل مگسی کے تحصیل گنداواہ کے علاقے میں پولیس تھانہ کوٹڑہ کی حدود گھاترہ سے دوسرے مغوی عرفان علی دیناری کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، عرفان علی دیناری کو کھاری کے علاقے ڈرابھی سے مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔ ان کی لاش برآمد ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکے ہیں ۔
