کوئٹہ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے مختلف علاقوں پنجگور، جھل مگسی، سوراب، قلات اور خضدار میں فائرنگ، اغوا کے بعد قتل اور لاشیں ملنے کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر چار افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات مطابق پنجگور ٹیچنگ ہسپتال کے اندر گائنی وارڈ کے سامنے مسلح گاڑی سوار افراد کی فائرنگ سے گرمکان کے رہائشی موسیٰ ولد محمد ہلاک ہوگئے۔
سوراب کے علاقے گدر کے مقام جیوہ سے ایک نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش ملنے کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب قلات کے علاقے سنگداس کے قریب سے بھی فائرنگ سے قتل کیے گئے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاش کو شناخت کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال قلات منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ مقتول کی شناخت اور قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
خضدار کے تحصیل وڈھ کے علاقے وہیر سے تعلق رکھنے والے تاجر محمد فیاض نامعلوم افراد کی فائرنگ ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق انہیں چیک پوسٹ کے قریب شاہراہ پر اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ صبح گھر سے وڈھ بازار میں واقع اپنی دکان کی جانب جارہے تھے۔ مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دریں اثناء بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں زوردار دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ دھماکے کی شدت سے گھروں کے شیشے ٹوٹنے اور زمین لرزنے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق دھماکے کی آواز سر اور پیشکان کے علاقوں میں بھی سنی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری ایک گاڑی کے ذریعے ایک عسکری ادارے کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد شہر میں مسلسل فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
