کوئٹہ ( نامہ نگار ) کوئٹہ مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کے ہاتھ باندھ دیے اور سرکاری اسلحہ چھین لیا۔
بلوچستان کے مرکزی شہر و صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے اطلاعات کے مطابق گذشتہ شب قمبرانی روڈ پر مسلح افراد نے پولیس کے ایگل اسکواڈ اہلکاروں کو حراست میں لینے کے بعد ان کا اسلحہ ضبط کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق اس دوران فائرنگ سے ایک اہلکار معمولی زخمی ہوگیا، جبکہ مسلح افراد اہلکاروں کے ہاتھ باندھ کر ان کا سرکاری اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں سیکیورٹی تھریٹ الرٹ جاری کیے جانے کے بعد سے شہر بھر میں درجنوں ایف سی اور پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں، جبکہ پولیس نے بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے شہر کو نشانہ بنائے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
پولیس کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی کے چار ہزار جنگجو، جن میں مجید بریگیڈ کے خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں، 14 اگست کے موقع پر شہر کا کنٹرول حاصل کرکے سرکاری عمارتوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان بھر میں بلوچ آزادی کی مسلح تنظیمیں پولیس سے اسلحہ چھیننے کے واقعات میں ملوث رہی ہیں، تاہم اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
