خاران( نامہ نگار )خاران میں پاکستانی فوج اور مسلح افراد کے مابین شدید نوعیت کی جھڑپیں، ایک اور پل دھماکے سے تباہ، ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی گئی۔
منگل کے روز مسلح افراد کی بڑی تعداد نے بیک وقت ساراوان، نوروز قلات اور زاروئی کے مقامات کو اپنے کنٹرول میں لیا۔ مذکورہ علاقوں سے خاران – کراچی شاہراہ اور خاران – کوئٹہ شاہراہ گزرتے ہیں جن کو مسلح افراد نے دو روز تک کنٹرول میں رکھا۔
بدھ کے روز ساراوان میں دن بھر پاکستانی فوج اور مسلح افراد کے مابین شدید نوعیت کے جھڑپیں جاری رہی جن میں جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ علاقے میں گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی گئی جبکہ بکتر بند گاڑیوں میں فورسز نے پیش قدمی کی۔
گذشتہ روز ساراوان میں شاہراہ پر دو پلوں کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے تباہ کیا گیا تھا جبکہ آج بروز بدھ ایک اور پل کو زاروزئی کے مقام پر دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔
پاکستانی فورسز نے دو مسلح افراد کو مارنے اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم تاحال اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ کاروائیوں کی ذمہ داری بھی تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
