کوئٹہ( نامہ نگار ) کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہر کے معروف 'کابل جان' ریسٹورنٹ کے مالک محمد ہاشم نورزئی قتل ہوگئے۔ محمد ہاشم نورزئی نے کوئٹہ میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری سے دبئی طرز کا ایک جدید ریسٹورنٹ قائم کیا تھا، جس کے ذریعے 400 سے زائد مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں کچلاک بائی پاس پر عثمانیہ ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
