تربت میرے اور میرے خاندان کیخلاف منفی پروپیگنڈوں میں صداقت نہیں ۔ حاجی برکت رند

 

تربت ( نامہ نگار ) تربت بلوچستان کے پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز، معتبر حاجی برکت رند نے کہا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوراپ مند بارڈر کے حوالے سے بعض عناصر کی جانب سے میرے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ یہ عناصر میری کارکردگی سے خائف ہیں اور اسی بنا پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگائے جا رہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ بدھ کے روز تربت میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا، میرے فرزند حاجی سلمان اور داماد حاجی ارشاد کا نام لے کر ہمارے سیاسی و سماجی کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، حالانکہ ہمارا اس معاملے سے کسی قسم کا کوئی تعلق یا انوالومنٹ نہیں ہے۔ ہم ہمیشہ اپنے عوام اور بارڈر کے نمائندوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

حاجی برکت رند نے مزید کہا کہ ہم نے بھرپور کوشش کی کہ سوراپ مند بارڈر کھولا جائے تاکہ عوام کو فائدہ پہنچے، کیونکہ بارڈر کی بندش کے باعث علاقہ شدید معاشی بحران کا شکار تھا اور لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بارڈر کے حوالے سے ہم عوام کے ساتھ ہیں، عوام جو فیصلہ کریں گے ہم اسی کے مطابق ان کے ساتھ چلیں گے۔ میرے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈے کے پیچھے بعض افراد کی ذاتی دشمنی کارفرما ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بارڈر صرف مند کا نہیں بلکہ پوری عوام کا ہے، یہاں ڈپو کھلنے چاہئیں اور کاروبار ہونا چاہیے۔ اگر بارڈر کمیٹی کو کسی قسم کی مشکل درپیش ہے تو وہ آئیں، میں ان کے ساتھ ہوں۔ ڈپو کھولنے کی اجازت دی جائے ، تمن پر کاروبار کی سہولت فراہم ہو، سب کو تیل دیا جائے اور بارڈر کو کسی ایک شخص یا مافیا کے ہاتھ میں دینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس سلسلے میں میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور آئی جی ایف سی سائوتھ بلوچستان سے بھی بات کروں گا۔

اس موقع پر بارڈر بچاؤ تحریک کے سربراہ سردار ولی خان یلانزئی نے کہا کہ سوراپ مند بارڈر کے حوالے سے معتبر حاجی برکت رند اور ان کی فیملی کے خلاف جو منفی پروپیگنڈہ کیا گیا وہ سراسر من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔ ہم نے آج ان سے ملاقات کی، ان کی باتیں سنی، وہ عوام کے نمائندہ ہیں اور عوام کی ہی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ہم منفی پروپیگنڈے سے متاثر ہو کر غلط فہمی کی بنیاد پر معتبر حاجی محمد رند کی مخالفت کر بیٹھے، جس پر میں معذرت خواہ ہوں۔ حاجی برکت رند ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں اور امید ہے کہ وہ درگزر فرمائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سوراپ مند بارڈر پر بھی عبدوئی بارڈر کی طرز پر کاروبار بحال ہو۔

بارڈر نمائندہ داد جان سبزل نے کہا کہ معتبر حاجی برکت رند کے خلاف منفی پروپیگنڈہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ بارڈر کی بحالی کے لیے حاجی برکت رند کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں کیونکہ بارڈر کی طویل بندش کے باعث علاقے کو شدید معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر عطاء اللہ محمد زئی، مسلم لیگ (ن) ضلع کیچ کے صدر حاجی سلمان رند، وحید سبزل اور دیگر بھی موجود تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post