بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مند اور نصیر آباد میں وزیر کے گھر فورسز چوکی اور ریلوے پٹڑی پر بم دھماکے

 


کوئٹہ ( نامہ نگاران )کیچ صوبائی وزیر کے گھر پر حملہ 
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور صوبائی وزیر برکت رند کی رہائش گاہ کے قریب دستی بم دھماکہ ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب صوبائی وزیر کی رہائش گاہ پر ایک عوامی جرگہ جاری تھا، نامعلوم مسلح افراد نے جرگے کے دوران رہائش گاہ کے احاطے کے قریب دستی بم پھینکا جو پارکنگ ایریا میں جا گرا اور زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں پارکنگ میں کھڑی چند گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم وہاں موجود افراد محفوظ رہے اور کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ، بروری دکانی بابا چوک پر رات گئے نامعلوم افراد کی جانب سے ایف سی اور پولیس کی چیک پوسٹ پر دو دستی بم پھینکے گئے۔
حملے کے دوران ایک دستی بم دھماکے سے پھٹ گیا، جبکہ دوسرا دستی بم نہ پھٹ سکا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

  ضلع نصیرآباد میں بدھ کو نوتال کے مقام پر نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں ریلوے سروس متاثر ہوئی۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے سے ٹریک کے اہم حصے کو شدید نقصان پہنچا اور متاثرہ علاقے میں فوری طور پر فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔

ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے ہوت آباد میں فرنٹیئر کور  کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے ایف سی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس پر ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جب کہ پولیس نے بھی شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دریں اثناء ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ رات ایم 8 سی پیک شاہراہ پر تربت اور دشت کے درمیان لوڈی جنگجاہ کے مقام پر ناکہ بندی قائم کی۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے رات تقریباً 9 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک سڑک بند رکھ کر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔

اطلاع کے مطابق ناکہ بندی کے دوران قریب ہی قائم پولیس چیک پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں مسلح افراد نے حملہ کرکے پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا اور ان سے سرکاری اسلحہ ضبط کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس اور انتظامیہ نے اس واقعہ سے مکمل لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک پروپیگنڈہ قرار دیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post