کوئٹہ ( نامہ نگار ) جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کوئٹہ کے ممتاز استاد حدیث و فقہ
امام جامع مسجد فاطمہ جناح روڈ کوئٹہ حادثہ میں جانبحق ہوگئے ۔
اہلیان علاقہ مذہبی حلقوں کا کہنا ہے کہ خدمتِ درسِ حدیث و فقہ کے عظیم علمبردار، بلوچستان کے نامور عالمِ دین، جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کوئٹہ کے شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی عبدالصمد سرپرہ کی اچانک حادثاتی وفات کی المناک خبر نے دلوں میں گہرا زخم چھوڑ دیا۔ سریاب روڈ پر پیش آنے والا یہ المناک سانحہ صرف ایک گھرانے کا نقصان نہیں بلکہ پورے علمی، دینی اور روحانی حلقے کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے۔
مفتی نے اپنی پوری زندگی امامت، تدریس، قرآن و حدیث کی خدمت، طلبہ کی تربیت اور دین کی صحیح سمجھ عام کرنے میں گذاری۔ سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں طلبہ نے ان کے ہاتھوں علم و عمل کا چراغ حاصل کیا، اور آج جہاں بھی ہیں ان کے علم، کردار، اخلاص اور مشفقانہ تربیت کے گواہ ہیں۔
ان کی شخصیت میں عاجزی حلم نرم دلی خوش مزاجی اور اعلیٰ اخلاق نمایاں تھے مجلس میں بیٹھتے تو دل کشادگی کا سبب بنتے ملتے تو مسکرا کر ملتے اور پڑھاتے تو یوں پڑھاتے کہ مشکل سے مشکل بات بھی آسان ہو جائے
ان کے طلبہ ہمیشہ کہتے تھے کہ مفتی صاحب کی صحبت صرف علم نہیں دیتی تھی بلکہ دل کو سکون روشنی اور دین سے محبت بھی عـــطاء کرتی تھی۔
یہ ربانی عالم، مردِ قلندر اور سنت و حدیث کے سچے خادم کی ناگہانی رخصت نے مدارس و مساجد کی فضا میں غم کی گہری لہر دوڑا دی۔ ان کی مجالس تذکیر و تزکیہ کا زندہ نمونہ تھیں، اور ان کی زندگی علم، عمل، اخلاص اور خدمتِ دین کا روشن باب تھی۔
بارگاہِ الٰہی میں دعا ہے کہ مولا کریم ان کے علومِ نافع، اخلاصِ کامل اور مساعیِ جمیلہ کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں علیّین میں بلند مقام سے نوازے،
اور اہلِ خانہ، متعلقین اور اہلِ بلوچستان کو صبرِ جمیل عطاءفرمائے ۔آمین یا رب العالمین
