تربت (نامہ نگار ) مکران میڈیکل کالج کے سپلیمنٹری نتائج پر شدید تشویش کے بعد احتجاج کا دائرہ مزید بڑھ گیا ہے۔ طلبا و طالبات نے اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے سی پیک روڈ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ تھرڈ پروفیشنل سپلیمنٹری میں چار طلبہ کو وائیوا میں ناکام قرار دینے اور سالانہ ری پیٹ ایئر دینے کا فیصلہ غیر شفاف ہے، جو برسوں سے جاری امتحانی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ طلبہ نے شفاف امتحانی نظام اور انتظامیہ کی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج مزید سخت کیا جائے گا۔ دوسری جانب انتظامیہ کا تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
