وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ انتقال کر گئے

 


کراچی ( نامہ نگار ) انسانی حقوق کے لیے متحرک و معروف اور وائس چیئرمین وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز ماما قدیر بلوچ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی تصدیق وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے جاری بیان میں کی گئی ہے. بیان کے مطابق ماما قدیر بلوچ کئی دنوں سے شدید علیل تھے اور آریا اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ آج خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ تنظیم نے انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم کی میت اس وقت آریا اسپتال میں موجود ہے، جبکہ ان کی تدفین سوراب میں کی جائے گی۔ نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ماما قدیر بلوچ لاپتہ افراد کے مسئلے پر ایک توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے کوئٹہ سے اسلام آباد تک پیدل لانگ مارچ کی قیادت کی، جس کا مقصد جبری طور پر لاپتہ افراد کے لواحقین کی آواز ایوانِ اقتدار تک پہنچانا تھا۔ اس کے علاوہ وہ دنیا کے طویل ترین احتجاجی کیمپوں میں شمار ہونے والے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ کی طویل عرصے تک قیادت کرتے رہے۔
صحت کی بگڑتی ہوئی حالت کے باعث ماما قدیر بلوچ حالیہ دنوں میں احتجاجی کیمپ میں بیٹھنے کے قابل نہیں رہے تھے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ کئی دنوں تک زیر علاج رہنے کے بعد وہ آج انتقال کر گئے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post