خضدار ( نامہ نگار ) خضدار کا جھالاوان کمپلیکس مکمل طور پر انتظامی عدم توجہی کا شکار ہے، جہاں کاروباری شخصیات اور دکاندار شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ کمپلیکس میں بجلی، پانی، صفائی، سیکورٹی، بکرا منڈی اور خواتین کے لیے انتظار گاہ جیسی بنیادی سہولیات موجود نہیں۔
مزید برآں، رات کے اوقات میں اس پورے علاقے میں اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے شدید اندھیرا رہتا ہے، جس سے شہریوں، دکانداروں اور وہاں سے گزرنے والوں کو خطرات لاحق ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اندھیرے کی وجہ سے چوری، حادثات اور دیگر مسائل بڑھ گئے ہیں ۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کی عدم توجہی کے باعث ریڑھی بان اور ٹرانسپورٹ گاڑیاں قومی شاہراہ پر کھڑی ہوتی ہیں، جس سے سنگین ٹریفک جام پیدا ہوتا ہے اور حادثات کا خطرہ مسلسل موجود رہتا ہے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ
جھالاوان کمپلیکس کو فوری طور پر بجلی، پانی، صفائی اور سیکورٹی فراہم کی جائے۔
علاقے میں اسٹریٹ لائٹس فوری نصب کی جائیں تاکہ رات کو محفوظ ماحول دستیاب ہو سکے۔
ٹریفک پولیس ریڑھی بانوں اور ٹرانسپورٹ کو ان کی مخصوص جگہوں پر منتقل کرے۔
قومی شاہراہ کو خالی کرایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
عوام نے ضلعی انتظامیہ سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔
