کوئٹہ نوری آباد واقعہ پر شدید مذمت شفاف تحقیقات اور فوری انصاف کا مطالبہ



کوئٹہ(نامہ نگار ) نوری آباد میں پیش آنے

 والا واقعہ انتہائی افسوسناک، شرمناک اور قابلِ مذمت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایک بے گناہ نوجوان حمید اللہ بروہی کو مبینہ طور پر سرکاری طاقت کے ناجائز استعمال کا نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق نوجوان کو پہلے گاڑی سے ٹکر ماری گئی اور بعد ازاں اس پر شدید تشدد کیا گیا، جس کے باعث وہ اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

اس حوالے سے محمد حسنی قومی اتحاد کے سابق مرکزی صدر میر عنایت اللہ جان محمد حسنی نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل نہ صرف انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ ایسے واقعات ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، چاہے وہ عام شہری ہو یا بااختیار افسر۔

انہوں نے اعلیٰ حکام، چیف جسٹس، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدار، شفاف اور فوری تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

میر عنایت اللہ جان محمد حسنی نے مزید کہا کہ متاثرہ نوجوان اور اس کے اہلِ خانہ کو فوری انصاف فراہم کیا جائے، کیونکہ ظلم پر خاموشی بھی جرم کے مترادف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسے واقعات پر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو عوام میں بے چینی مزید بڑھے گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post