حمید زہری کی دوبارہ جبری گمشدگی کا خدشہ ہے ،اہلخانہ

 


کراچی ( ویب ڈیسک ) کراچی 31 ماہ تک  جبری گمشدگی اور ازیت خانوں میں سنگین تشدد کا سامنا کرنے اور نیم مردہ حالت میں بازیاب ہونے والے عبدالحمید زہری کی دوبارہ جبری گمشدگی کا  خدشہ ہے ، یہ بات  عبدالحمید کی بیٹی سعیدہ حمید نے جاری بیان میں کہی ہے ۔انھوں نے  کہا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے تیسری مرتبہ وہی سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد ان کے والد کی تصویر لیے ان کے بارے میں پوچھ رہے ہیں اور کبھی گھر میں آ کر ان کے بارے میں سوال کرتے رہتےہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا ہےکہ والد کو 31 مہینوں میں جو اذیت اور ٹارچر برداشت کرنا پڑا، اس کے بعد بھی تفتیش مکمل کیوں نہیں ہوئی کہ وہ دوبارہ والد کو جبری  گمشدہ کرنے کا موقع تلاش کر رہے ہیں۔سعیدہ حمید نے کہاہے کہ والد کا کیس ملک کی پارلیمنٹ، عدلیہ، سینیٹ اور میڈیا پر بھی ہائی لائٹ ہوا تھا، مگر نامعلوم افراد زور آور ہیں اور قانون، آئین، عدلیہ اور میڈیا سب کو جیب میں لے کر لوگوں کو گم کرتے ہیں۔انہوں نے اپیل کی کہ اہلخانہ والد کی دوسری مرتبہ جبری گمشدگی کا دکھ برداشت نہ کر پائیں،برسر اقتدار قوتیں اس مسئلے پر فوری توجہ دیں۔سعیدہ حمید نے کہا کہ عبدالحمید زہری کو 10 اپریل 2021 کو کراچی سے ہمارے سامنے خفیہ اداروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا تھا۔ان کے مطابق والد 31 ماہ تک اذیت خانوں میں بدترین اذیت اور ٹارچر برداشت کرنے کے بعد 31 اکتوبر 2023 کو بازیاب ہو کر نیم مردہ حالت میں چھوڑ دیے گئے تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post