تربت ( نامہ نگار ) ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں مبینہ طور پر مقامی آبادی پر مارٹر گولے فائر کیے جانے کے نتیجے میں پانچ بچیاں زخمی ہوگئیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر تُربت ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ نامعلوم جانب سے ان کے گھروں پر اندھا دھند فائرنگ اور مارٹر شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچیاں متاثر ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک زخمی بچی کی حالت انتہائی نازک ہے۔
اس سلسلے میں ٹیچنگ ہسپتال تربت کے ایک ذمہ دار اہلکار نے بھی ہوشاپ سے پانچ زخمی بچوں کی آمد کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ہوساپ میں سڑکوں پر مسلح افراد کی ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ جبکہ سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری ذرائع یا پولیس سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا موقف سامنے نہیں آیا۔علاقے میں صورتِ حال کشیدہ ہے اور مقامی آبادی نے امن و امان کی بہتر صورتحال اور تحقیقات کا مطالبہ کیا
