ممبئی ( ویب ڈیسک ) بولی وڈ کے مایہ ناز اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں ممبئی میں وفات پا گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف صحت کے مسائل، خصوصاً سانس کی تکالیف کا شکار تھے، جن کے باعث انہیں رواں ماہ کے آغاز میں ہسپتال بھی داخل کیا گیا تھا۔
دھرمیندر کا فلمی کیریئر چھ دہائیوں پر محیط تھا، جس دوران انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی نمایاں اور یادگار فلموں میں شولے، سیتا اور گیتا، چپکے چپکے سمیت متعدد کلاسک شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1960 میں کیا جبکہ ان کی آخری فلم اکیس رواں سال دسمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔
فلمی خدمات کے اعتراف میں دھرمیندر کو کئی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں فلم فئیر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، نیو جرسی کی جانب سے خصوصی اعزاز اور بھارت کا تیسرا بڑا شہری ایوارڈ پدما بھوشن شامل ہیں۔
فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ دھرمیندر نے سیاست میں بھی مختصر عرصے کے لیے حصہ لیا اور 2004 میں بیکانیر سے رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی ان کی وفات کی خبریں گردش میں تھیں جنہیں اہل خانہ نے سختی سے مسترد کیا تھا، اور بعد ازاں انہیں صحت یابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔
