فٹبال (ویب ڈیسک )پرتگال کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کے پہلے ارب پتی فٹبالر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
سعودی فٹبال کلب النصر کے ساتھ ان کا حالیہ معاہدہ انہیں دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں سرفہرست لے آیا ہے۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق رونالڈو کی مجموعی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جو فٹبال کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ دولت ہے۔
رپورٹ کے مطابق النصر کے ساتھ جون میں طے پانے والے نئے معاہدے کی مالیت 400 ملین ڈالر سے زائد ہے، جس میں سالانہ تنخواہ، بونس، اور خصوصی مراعات شامل ہیں۔
یہ تنخواہ ٹیکس فری ہے اور اس میں کلب کی ایکویٹی شیئر اور نجی جیٹ کے استعمال جیسی سہولتیں بھی موجود ہیں۔
رونالڈو نے اپنے 20 سالہ کیرئیر میں مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور یووینٹس جیسے یورپی کلبوں کی نمائندگی کی۔
انہوں نے 2002 سے 2023 تک صرف تنخواہوں کی مد میں 550 ملین ڈالر کمائے، جبکہ نائیکی اور آرمینی جیسے برانڈز کے ساتھ اشتہاری معاہدوں سے 175 ملین ڈالر سے زیادہ حاصل کیے۔
بلومبرگ کے مطابق رونالڈو کا موجودہ معاہدہ کھیلوں کی تاریخ کے سب سے بڑے سودوں میں سے ایک ہے، جس نے انہیں روجر فیڈرر، مائیکل جارڈن اور ٹائیگر ووڈز جیسے ارب پتی کھلاڑیوں کی صف میں شامل کردیا ہے۔
البتہ رونالڈو کی زیادہ تر دولت براہِ راست ان کی تنخواہ سے آئی ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے زیادہ تر سرمایہ کاری یا کاروباری شراکت سے دولت حاصل کی۔
رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد النصر میں ہی کیریئر کا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انہیں کلب میں 15 فیصد شراکت بھی دی گئی ہے، جو مستقبل میں ان کے کاروباری خوابوں کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
پرتگال کے جزیرے مڈیرا میں غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے رونالڈو نے 14 سال کی عمر میں تعلیم چھوڑ کر فٹبال پر توجہ مرکوز کی۔
آج ان کے نام پر مڈیرا میں بین الاقوامی ایئرپورٹ، میوزیم اور لگژری ہوٹل موجود ہیں۔
ان کے انسٹاگرام پر 660 ملین سے زائد فالوورز ہیں، جو انہیں دنیا کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت بناتے ہیں۔
رونالڈو نے سعودی عرب منتقل ہونے کے فیصلے پر ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یورپ میں سب کچھ جیت چکے ہیں اور اب ایک نئے چیلنج کی تلاش میں ہیں۔
انہوں نے سعودی لیگ کو دنیا کی بہترین لیگوں میں سے ایک قرار دیا اور عرب دنیا میں اپنی مقبولیت کو مزید وسعت دی۔
اب وہ نہ صرف فٹبال بلکہ عالمی معیشت اور کاروباری دنیا میں بھی اپنی پہچان مضبوط کرچکے ہیں۔
رونالڈو کی شہرت صرف میدان تک محدود نہیں، انسٹاگرام پر ان کے 660 ملین سے زائد فالوورز ہیں، جو انہیں دنیا کا سب سے زیادہ فالو کیا جانے والا شخص بناتے ہیں، اسی مقبولیت نے سعودی حکام کو بھی متاثر کیا، جنہوں نے انہیں النصر کے لیے دستخط کراتے وقت بطور عالمی برانڈ دیکھا۔
ان کا سعودی لیگ میں آنا زبردست جوش و خروش کا باعث بنا، ہزاروں شائقین نے ان کے ڈیبیو میچ میں شرکت کی، مگر وقت کے ساتھ ہجوم کم ہونے لگا۔
اس کے باوجود رونالڈو نے النصر کے لیے سب سے زیادہ گول اسکور کیے اور سعودی پرو لیگ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیگ فرانس کی لیگ 1 سے بھی بہتر ہے۔