ژوب (ویب ڈیسک) ژوب کے نواحی علاقے توئی سر ڈیم میں نہاتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پیر کی دوپہر پیش آیا، جب 16 سالہ عصمت اپنے دوستوں کے ہمراہ ڈیم میں نہانے گیا تھا۔ نہاتے ہوئے نوجوان گہرے پانی میں چلا گیا اور دوبارہ سطح پر نہ آسکا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد لاش کو ڈیم سے نکال لیا گیا متوفی کی لاش کو سول ہسپتال ژوب منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں احتیاطی انتظامات اور حفاظتی نشانات کی عدم موجودگی کے باعث ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
