سوراب (نامہ نگار ) سوراب میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا کلی سرخ کے علاقے مکینوں کی جانب سے بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج شدت اختیار کر گیا جس کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوراب اور گردونواح کے علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں بجلی کے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گھریلو امور، کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں ان کا کہنا تھا کہ متعدد شکایات کے باوجود محکمہ واپڈا اور متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی فراہمی فوری بحال کی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
