تربت (ویب ڈیسک ) ناصر آباد میں سیکیورٹی فورسز کے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے زبیدہ جلال روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے مرکزی شاہراہ کو بلاک کرکے ٹریفک معطل کردیا جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ شب سیکیورٹی فورسز نے ناصر آباد کے مختلف گھروں پر چھاپے مارے اور اس دوران قریباً ایک درجن نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ گرفتار شدگان کو تاحال منظرعام پر نہیں لایا گیا اور ان کے اہل خانہ کو بھی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
احتجاج میں شریک خواتین نے کہا کہ گھروں میں چھاپوں کے دوران خوف و ہراس پھیلایا گیا جب کہ اہل خانہ کو بدسلوکی اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے کہا کہ جب تک گرفتار افراد کو رہا نہیں کیا جاتا دھرنا جاری رہے گا۔
احتجاجی خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے مطالبات درج تھے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ گرفتار شدگان کو فوری طور پر منظرعام پر لایا جائے اور ناصر آباد میں چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔