تربت (مانیٹرنگ ڈیسک) تربت سے کراچی جانے والی ایس او ایس سیکورٹی کمپنی کی گاڑی کو دشت کھڈان کراس کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے روک کر بھاری رقم لوٹ لی۔ ڈکیتی کی اس بڑی واردات میں میزان بینک لمیٹڈ کے 14 کروڑ 55 لاکھ روپے اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، مجموعی طور پر 22 کروڑ 5 لاکھ روپے کی رقم مسلح افراد لے اڑے۔ یہ واقعہ ایم ایٹ شاہراہ پر پیش آیا، جو تربت سے گوادر جانے والی مرکزی سڑک ہے اور جہاں عام دنوں میں ٹریفک کا رش رہتا
ہے۔ واردات کے مقام کے قریب سیکورٹی چیک پوسٹ بھی موجود ہے، اس کے باوجود ملزمان بھاری رقم لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ مقامی حلقوں اور تاجروں نے دن دہاڑے مصروف شاہراہ پر اتنی بڑی ڈکیتی کو سیکورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم برآمد کی جائے۔