کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نےکہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما سردار علی محمد قلندرانی کے صاحبزادے محمد یوسف کو گزشتہ شب کراچی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا ہے۔
سردار اختر مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے جو قلندرانی خاندان کے ساتھ پیش آیا۔ ان کے مطابق 2011 میں توتک، خضدار آپریشن کے دوران سردار علی محمد قلندرانی کے تین بیٹے، عتیق الرحمان، خلیل الرحمان اور وسیم الرحمان سمیت 30 سے زائد افراد کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
اختر مینگل نے مزید کہا کہ توتک، خضدار میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبر آج بھی اُس آپریشن کی ہولناک یاد تازہ کرتی ہے، جہاں مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کے متاثرین کی سینکڑوں نعشیں دفن کردیئے گئے تھے۔