خضدار ( نامہ نگار ) خضدار لیویز فورس نے باغبانہ میں چھاپہ مار کاروائی کے دوران سندھ حالہ سے مبینہ طورپر اغوا ہونے والی بچی نور جہاں دختر سدھیر کو بازیاب کردیا ،جبکہ ملزم غلام رسول ولد داد محمد سکنہ رادانی باغبانہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر بچی سے زبردستی شادی کر رکھی تھی۔
بازیاب ہونے والی بچی نے بتایا کہ اسے زبردستی باغبانہ لایا گیا اور اس پر تشدد بھی کیا جاتا رہا۔ گرفتار ملزم کو لیویز حوالات منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
لیویز لائن آفیسر نور زہری کا کہنا تھا کہ لیویز فورس ہر ظلم کے خلاف کاروائی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دن رات سرگرم ہے،
لیویز فورس کی اس جرات مندانہ کاروائی پر لیویز ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیویز نے ہمیشہ عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عوام کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
لیویز فورس ظلم و جبر کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہے اور ان کی بہادری قابلِ تعریف ہے۔