گڈانی کا پانی گلابی ہو گیا ، محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں متاثرہ مقام سے پانی کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کر رہی ہیں

 


گڈانی ( ویب ڈیسک )بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی میں جیٹی کے قریب سمندر کا پانی اچانک گلابی رنگ اختیار کر گیا، جس نے ماہی گیروں، مقامی رہائشیوں اور سیاحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ غیرمعمولی منظر نے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق یہ تبدیلی ممکنہ طور پر قدرتی حیاتیاتی عوامل اور آلودگی کے باہم تعامل کا نتیجہ ہے۔ بلوچستان محکمہ تحفظ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمران کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیٹی میں ٹھہرا ہوا پانی خوردبینی جانداروں کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے، جس کی وجہ سے پانی کا رنگ بدل گیا اور اطراف میں بدبو بھی محسوس کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ "الگل بلوم" (algal bloom) کی ایک قسم ہو سکتی ہے، جو مخصوص اقسام کی خوردبینی الجی کے حد سے زیادہ بڑھنے کی صورت میں پیدا ہوتی ہے۔ آلودہ فضلہ اور سیوریج کا اخراج اس عمل کو مزید تیز کر دیتا ہے، جو پانی کے رنگ میں تبدیلی اور بدبو کا باعث بنتا ہے۔

محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں متاثرہ مقام سے پانی کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کر رہی ہیں تاکہ مسئلے کی نوعیت اور شدت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ اس دوران عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جیٹی کے پانی سے دور رہیں اور غیرضروری طور پر اس مقام کا رخ نہ کریں۔

مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ پانی کی صفائی ممکن ہو اور گڈانی جیٹی دوبارہ ماہی گیروں اور سیاحوں کے لیے محفوظ اور خوشگوار مقام بن سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post