تربت ( مانیٹرنگ ڈیسک )تربت میں مسافر بسوں کی آمد میں تاخیر کے باعث فورسز کی جانب سے بسیں روکنے کے خلاف ایم ایٹ شاہراہ پر احتجاج کیا گیا۔ مسافروں کے مطابق تربت پہنچنے پر مقررہ حکومتی وقت سے بعد بسوں کو جدگال ڈن (ڈی بلوچ پوائنٹ) پر سیکیورٹی فورسز نے روک دیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کراچی آنے والی مسافر بسوں کے لیے اوقات کار مقرر ہیں، تاہم آج چند بسیں تاخیر سے شہر میں داخل ہوئیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ جدگال ڈن تربت شہر کی حدود میں آتا ہے، اس مقام پر گاڑیاں روکنا مسافروں کے ساتھ زیادتی اور انہیں گھروں میں جانے سے روکنے کے مترادف ہے۔
فورسز کے اقدام کے خلاف مسافروں نے جدگال ڈن پر دھرنا دے کر ایم ایٹ شاہراہ بلاک کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شہر کی حدود میں بسوں کو روکنے اور مسافروں کو پریشان کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔