مکران میں موبائل ڈیٹا سروسز کی بندش، عوام اور طلباء شدید مشکلات کا شکار

 


ضلع کیچ تربت سمیت مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں جن میں گوادر، پسنی اور گرد و نواح شامل ہیں 10 جولائی سے موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں جس کے باعث عوام، طلباء، اور آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں


شہریوں کا کہنا ہے کہ جدید دور میں انٹرنیٹ سہولت بنیادی ضرورت بن چکی ہے، اور اس کی بندش نے روزمرہ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ کئی طلباء آن لائن کلاسز سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ فری لانسرز اور آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کا کام مکمل طور پر متاثر ہو رہا ہے۔


تفصیلات کے مطابق، موبائل ڈیٹا سروس بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بند کر دی گئی، جس نے ہزاروں صارفین کو حیرت میں ڈال دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر کسی کے پاس PTCL کی سہولت دستیاب نہیں اور بیشتر لوگ صرف موبائل ڈیٹا پر انحصار کرتے ہیں۔


آن لائن شاپنگ، ای میلز، تعلیمی پلیٹ فارمز، اور کاروباری لین دین مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال میں شہریوں کو اپنی اہم فائلز اور روزمرہ کی سرگرمیاں ترک کرنا پڑ رہی ہیں، جو کہ ایک تشویشناک امر ہے۔


شہریوں نے پنجگور کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں گزشتہ چار سال سے 4G انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند ہے، اور اب تربت میں بھی یہی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جس سے خطے میں ڈیجیٹل ترقی کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔


علاقہ مکینوں، طلباء، اور فری لانسرز نے حکومت اور پی ٹی اے سمیت متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مکران ڈویژن میں فوری طور پر 4G انٹرنیٹ سروسز بحال کی جائیں تاکہ تعلیمی، کاروباری، اور سماجی سرگرمیاں دوبارہ معمول پر آ سکیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post