تمپ ( پریس ریلیز )
تحصیل تمپ کا علاقہ کوہاڑ اس وقت نہنگ ندی کی تیز اور خطرناک لہروں کی زد میں ہے۔ مقامی رہنما عبدالواحد ہوت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ندی کا پانی لوگوں کے گھروں، نخلستان اور قبرستان کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہنگ ندی پہلے ہی کوہاڑ کے کھجوروں کے باغات اور چھوٹے جنگلات کو تباہ کر چکی ہے، اور اب پانی دن بہ دن رہائشی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سب سے زیادہ خطرہ قدیمی قبرستان کو ہے جو اب ندی کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے۔
عبدالواحد ہوت نے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری میر اَظغر رند، ایم این اے ملک شاہ گورگیج، اور ضلعی چیئرمین میر ہوتمان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر حفاظتی بند بنانے کے لیے کام شروع کروائیں۔
انکا کہنا تھا اگر حکومت نے اب بھی آنکھیں بند رکھیں تو کل کو ہم صرف افسوس ہی کر سکیں گے۔ یہ علاقہ ہمارے بزرگوں کی نشانی ہے، یہاں کے باغات اور قبرستان ہماری پہچان ہیں، انہیں بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
مقامی لوگوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کوہاڑ میں جلد از جلد سروے اور بند کی تعمیر کا آغاز کرے تاکہ مزید تباہی سے بچا جا سکے۔