نوشکی ( ویب ڈیسک ) نوشکی کلی جمال آباد میں ایک کرائے کے مکان میں مقیم محمد یوسف کو مبینہ طور پر اس کی والدہ اور دو بہنوں نے گھریلو رنجش کے باعث قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے بیٹیوں کی مدد سے مقتول کو قتل کرنے کے بعد لاش گھر کے صحن میں دفنا دی اور خود فرار ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مقتول کے بھائی نے بدبو محسوس ہونے پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے لاش برآمد کر کے قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسرے واقعے میں لورالائی پٹھان کوٹ کے علاقے میں بیٹے کے ہاتھوں باپ قتل ہوگیا۔ مقتول کی شناخت عبدالرحیم ولد رسول داد کے نام سے ہواہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو تنازعے کا شاخسانہ ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ایدھی سینٹر کے عملے نے ورثا کے گھر پہنچا دیا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔