مستونگ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) مستونگ انجمن معزوران آرگنائزیشن کے ترجمان نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے معذور افراد کے لیے مختص راشن کو خرد برد کرلیا ہے۔ جب اس بابت وضاحت طلب کی گئی تو دفتر کے چپڑاسی، کفایت نامی شخص نے معذور افراد کے ساتھ انتہائی بدسلوکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں دفتر سے دھکے دے کر نکال دیا
ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں جاری کرپشن اور عملے کا آمرانہ اور غیر انسانی رویہ ناقابل برداشت ہے۔ معذور افراد کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف خاموشی ممکن نہیں۔اس افسوسناک اور شرمناک واقعے کے خلاف اسپیشل پرسن آرگنائزیشن کی جانب سے بروز 22مئی بروز جمعرات میجر چوک مستونگ سے ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جو سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کے سامنے دھرنے کی شکل اختیار کرے گی۔
ترجمان نے متعلقہ حکام، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور معذور افراد کو ان کا حق دیا جائے۔