خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 2 خاندانوں کے مابین گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کے نتیجے میں خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
پشاور کے تھانہ ارمڑ کے علاقے خٹکو پل پر گھریلو تنازع کے بعد پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے میں ملزمان نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی، دونوں خاندان ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں۔
مرنے والوں میں مسماۃ (ش) زوجہ اطلس، مسماۃ (ن) زوجہ رمضان، حضرت امین ولد اطلس، فضل امین ولد اطلس، 10 سالہ طفلکہ ہما دختر فضل، 3 سالہ طفل احمد ولد فضل امین شامل ہیں، فائرنگ کی زد میں آکر خاتون مسماۃ (ب) زوجہ نسیم شدید زخمی ہو گئی، جسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) رضا محمد نے بتایا کہ تھانہ ارمڑ کے علاقے خٹکو پل میں 2 خاندانوں کے مابین فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 6 افراد موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق فریقین پڑوسی ہیں اور مقتولین پر مخالف فریق کی خاتون کے قتل کا الزام تھا، ملزمان واقعہ کےبعد فرار ہوگئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپےمارے جا رہے ہیں۔