خضدار ،تربت ، ڈیرہ الہ یار ( مانیٹرنگ ڈیسک )کیچ کے علاقے تمپ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈیتھ اسکواڈ کا ایک رکن ہلاک ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تمپ کے علاقے ملک آباد میں مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ڈیتھ اسکواڈ کے سرغنہ سعید عابد کے بھائی زبیر ولد تحصیلدار عابد کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور زبیر کی موٹرسائیکل اور دیگر سامان بھی ساتھ لے گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ ڈیتھ اسکواڈ سے وابستہ تھا، تاہم تاحال کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خضدارکے علاقہ لزو بند کے ایریا میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا، شناخت عنایت اللہ ولد رحیم سکنہ گدر سے ہواہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچایا۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ہے۔ خضدار پولیس قتل کے متعلق تفتیش کررہی ہے۔
ڈیرہ اللہ یارکے قریب قیدی شاخ میرحسن ڈپ کے مقام پر زمینی تنازعے میں رند اور جھکرانی برادری کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا گولیاں لگنے سے رندقبائل کے دو افراد فائق علی رند اور غلام محمدرند زخمی ہوگئے ،پولیس نے دونوں زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا دوسرا واقع ڈیرہ اللہ یارکے قریب محب علی لاڑو کے مقام پر پیش آیاجہاں پرمسلح افرادنے ایک رکشے پرسوار شخص غوث بخش نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقع رشتے کے تنازعے پر پیش آیا۔
پنجگور کے علاقے عیسئی سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت مکرم ولد اکرم کے نام سے ہوا ہے۔ متوفی کا تعلق پنجگور کے علاقہ وشبود سے بتایا جا رہا ہے۔ مقتول کے قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔
دوسری جانب خضدار کی تحصیل نال میں فائرنگ کے واقعے میں دو سگے بھائی سیف مینگل اور وحید مینگل شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کی وجوہات اور حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکے ہیں۔ جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔