قلات (نامہ نگار ) اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے علاقے قلات اور گردونواح میں قابض پاکستانی فوج نے ایک بار پھر جارحانہ پیش قدمی کا آغاز کر دیا ہے،
ذرائع کا کہنا ہے کہ منگچر کے پہاڑی سلسلوں میں بیس سے زائد گاڑیوں پر مشتمل قابض فوج کا ایک بڑا قافلہ شیخڑی تک پہنچ چکا ہے۔ فوجی قافلے کے ہمراہ سرویلنس ڈرون طیارے بھی علاقے میں پرواز کرتے دیکھے گئے ہیں، جنہیں ممکنہ مزاحمت کی نگرانی اور ہدف کی نشاندہی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق فوجی کانوائے میں بھاری مشینری، خصوصاً ڈوزر بھی شامل ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قابض فوج علاقے میں چوکیاں قائم کرنے اور راستوں کو کلیئر کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ عید کے بعد سے قابض پاکستانی فوج نے مقبوضہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اپنی جارحانہ کارروائیوں میں تیزی لائی ہے۔ حالیہ دنوں میں چمالنگ اور بارکھان کے علاقوں میں ڈرون حملوں کے واقعات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں،
علاقائی ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قابض فوج کی یہ تازہ پیش قدمی کسی بڑے آپریشن کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے، جس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
ہمگام نیوز اس تمام صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور تازہ ترین اپڈیٹس فراہم کرتا رہے گا۔