ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے پسنی کے رہائشی نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس زرائع کے مطابق رات گئے تربت گروکی ندی سے ایک لاش ملی جسے شناخت کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں لاش کی شناخت شیر خان ولد نظر ساکن وارڈ نمبر 1 پسنی کے طور ہوئی۔
یاد رہے کہ چار روز قبل مسلح افراد نے شیر خان کو ایک ڈپو سے اغوا کر لیا تھا جس کے بعد آج ان کی لاش ملی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے گزشتہ دو دنوں کے دوران یہ چوتھی لاش ہے جو برآمد ہوئی ہے۔ اس سے قبل پسنی، خضدار اور بلیدہ سے بھی تین نوجوانوں کی لاشیں ملی تھیں۔