کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال چوتھے روز بھی جارہی رہی جس سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں، سپلائی چین مفلوج ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بندرگاہ کا آپریشن اب تک معمول کے مطابق رہا ہے، تاہم ہڑتال طویل ہونے کی صورت میں پیر کے روز سے اس کے کچھ اثرات نظر آسکتے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی فٹنس کے نئے قوانین کے نفاذ کے بعد شروع ہونے والی ہڑتال کے نتیجے میں ہزاروں کنٹینرز مبینہ طور پر بندرگاہوں اور گوداموں میں پھنس گئے ہیں، جس سے برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان میں بڑے پیمانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔ صوبائی حکومت نے کراچی بھر میں سڑک حادثات میں اضافے کے جواب میں گاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے سخت قوانین متعارف کرائے ہیں، شہر میں مہلک ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا، خاص طور پر ڈمپروں اور پانی کے ٹینکروں سے حادثات بڑھ رہے ہیں۔