بولان جعفر ایکسپریس پر قبضہ ،کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

 


بولان ( مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع سبّی میں مسلح افراد نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو تحویل میں لیا ہے۔

حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں پانچ سو کے قریب مسافر سوار ہیں ۔

ریلوے ترجمان کے مطابق جعفر ایکسپریس میں چار سو سے زیادہ مسافر سوار ہیں اور مجموعی طور پر نو بوگیاں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرین میں ز یادہ تر سرکاری ملازمین سوار ہیں اور ڈرائیور زخمی ہو چکا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گڈالر اور پیرو کنری کے درمیان شدید فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

حکام نے سبّی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملہ کو الرٹ کردیا ہے ۔

جبکہ شہر میں ہیلی کاپٹروں کا گشت بھی جاری ہے ۔تاہم حکام نے ابتک صورتحال سے متعلق کوئی تفصیل پیش نہیں کی ہے ۔

دوسری جانب بی ایل اے ترجمان نے بتایا کہ 100 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا ہے جن میں پاکستان فوج و دیگر اداروں کے حاضر سروس اہلکار شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ کاروائی بی ایل اے کی ‘فدائی یونٹ’ مجید برگیڈ سرانجام دے رہی ہے جس کو بی ایل اے کے خصوصی دستوں ایس ٹی او ایس (اسپیشل ٹیکٹیکل آپریشنز اسکواڈ) اور فتح اسکواڈ اور بی ایل اے انٹیلی جنس ونگ ‘زراب’ کی کمک حاصل ہے۔

حکام نے واقعے کی تصدیق کردی ہے تاہم تفصیلات فراہم نہیں کیئے گئے۔

بی ایل اے نے تنبیہ جاری کی ہے کہ “اگر قابض فوج کی جانب سے کسی قسم کی فوجی کارروائی کی گئی تو تمام یرغمالیوں کو ہلاک کر دیا جائے گا۔”



Post a Comment

Previous Post Next Post