کوہلو ( نامہ نگار ) ایس بی کے (سردار بہادر خان) کے تحت ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے شارٹ لسٹڈ امیدواروں نے نیشنل پریس کلب کوہلو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں اور صوبائی کارکنان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور حکومت بلوچستان سے فوری طور پر بھرتی کے آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
امیدواروں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود حکومت بلوچستان تاحال بھرتیوں کے آرڈرز جاری کرنے میں تاخیر کر رہی ہے، جس کی وجہ سے سینکڑوں امیدوار ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور مزید تاخیر سے گریز کرے۔
پریس کانفرنس میں مقررین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان ایک طرف تعلیم کو ہر بچے کا بنیادی حق قرار دیتی ہے، جبکہ دوسری طرف صوبے بھر میں 9000 سے زائد کامیاب اساتذہ تقرری کے منتظر ہیں۔ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی شدید کمی کے باوجود بھرتی کے عمل کو غیر ضروری طوالت دینا صوبے کے تعلیمی مستقبل کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نہ صرف فوری طور پر اساتذہ کی بھرتیوں کے آرڈرز جاری کیے جائیں بلکہ گرفتار کارکنان کو بھی رہا کیا جائے تاکہ تعلیمی میدان میں بہتری لائی جا سکے اور بے روزگار نوجوانوں کو ان کا جائز حق دیا جا سکے۔