کوئٹہ( مانیٹرنگ ڈیسک ) شال بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے سماجی رابطے کی ماہیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دالبندین میں انٹرنیٹ کی بندش اور ممکنہ کریک ڈاؤن پر انسانی حقوق کے اداروں سے آواز اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے پرامن بلوچ قومی اجتماع سے قبل دالبندن سمیت پورے خطے میں انٹرنیٹ سروسز کی بندش حق کی آوازوں کو خاموش کرنے کی دانستہ کوشش اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔
ماہ رنگ بلوچ نے کہا ہے کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہے اس سے پہلے گوادر میں بلوچ قومی اجتماع کے دوران حکام نے اسی طرح انٹرنیٹ سروسز کو غیر فعال کر دیاتھا، جس کے بعد بلوچ راجی مچی کے منتظمین اور شرکاء کے خلاف ٹارگٹ کریک ڈاؤن کیا گیا. یہ تشویش بڑھ رہی ہے کہ دالبندن میں بھی وہی حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، اس خدشے کے ساتھ کہ حکام بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے منتظمین اور شرکاء کے خلاف تشدد کا سہارا لے سکتے ہیں۔
انھوں نے کہاہے کہ ہم انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ دالبندن میں انٹرنیٹ کی بندش کا فوری نوٹس لیں اور پرامن بلوچ قومی اجتماع پر ممکنہ کریک ڈاؤن کو روکنے کے لیے فعال ہوکر مداخلت کریں.