گوادر (این این آئی) گوادر نارتھ فری زون میں گدھوں کے مذبح خانہ کی تعمیر شروع ہو گئی، گدھوں کو گوادر نارتھ فری زون کے مذبح خانے میں ذبح کیا جائے گا،پاکستان سالانہ 2 لاکھ 16 ہزار گدھوں کی کھالیں اور گوشت چین کو برآمد کرے گا۔ گوادر رو کے مطابق پانچ کروڑ ڈالر کی لاگت سے بننے والے اس مذبح خانے کی تعمیر پاکستان اور چین کے درمیان چین کو گدھے کے گوشت کی برآمد کے لیے قرنطینہ شرائط سے متعلق معاہدے کے بعد کی گئی ہے۔
معاہدے کے مطابق پاکستان سالانہ 2 لاکھ 16 ہزار گدھوں کی کھالیں اور گوشت چین کو برآمد کرے گا۔ گوادر رو کے مطابق جولائی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو بریفنگ کے دوران سیکریٹری تجارت نے نشاندہی کی تھی کہ گدھوں کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے اور پاکستان پہلے ہی گدھوں کی فارمنگ شروع کر چکا ہے۔
وزارت میری ٹائم افیئرز کے عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ پنجاب کے مختلف حصوں میں کئی فارم ہاوسز میں پالے جانے والے گدھوں کو گوادر نارتھ فری زون کے مذبح خانے میں ذبح کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے گوشت اور کھال کو بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید پروسیس کیا جائے گا اور بعد میں چین کو برآمد کیا جائے گا۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران پاکستان میں گدھوں کی تعداد بڑھ کر 59 لاکھ ہو گئی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پچھلے کچھ سالوں کے دوران گدھوں کی آبادی میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ 2019-2020 میں ان میں سے 5.5 ملین، 2020-21 میں 5.6 ملین، 2021-22 میں 5.7 ملین اور 2022-23 میں 5.8 ملین تھے۔