بلوچستان کے ضلع خاران سے اغواء ہونے والے مختیار احمد مینگل کی عدم بازیابی کے خلاف آج خاران شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر بازار مکمل طور پر بند رہا۔
جبکہ چیف چوک پر احتجاجی جلسے کے بعد خاران ریڈ زون پر دھرنا دیا جارہا ہے۔
مختیار احمد مینگل کو گزشتہ ماہ 15 جولائی کو سراوان سے شہر آتے ہوئے دن دہاڑے اغوا کرکے لے گئے تھے، اور ان کی رہائی کے بدلے دس کروڑ روپے کی رقم کے تاوان کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر 25 اگست تک مختیار مینگل کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو یہ دھرنا شال ریڈ زون منتقل کر دیں گے ، گزشتہ 38 دنوں سے یہ دھرنا پریس کلب میں جاری رہا ہے آج اس کو خاران ریڈ زون منتقل کردیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ مختیار احمد مینگل کو بااثر حکومتی حمایت یافتہ گروہ نے اغوا کیا ہے ۔