سندھ حیدر آباد جامشورو پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں دھماکے کے باعث 2 اے ایس آئی، 5 پولیس اہلکار اور قیدی زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی جامشورو محمد طارق نواز کے مطابق پولیس اسٹیشن پر دھماکا دہشت گردی کا واقعہ نہیں بلکہ تھانے کے مال خانے میں کچھ سامان موجود تھا جس میں ہیٹ اَپ کے باعث دھماکا ہوا تاہم دھماکے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں کہ کیسے ہوا۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا ، جن میں اے ایس آئی رسول بخش ناریجو، اے ایس آئی محمد بخش ڈاوچ، پولیس اہلکار غلام محی الدین، ارشاد علی گائینچو، عبداللطیف پنہور، جمشید سنجرانی اور قیدی جمشید شامل ہے۔
واقعے کی اطلاع پر ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دہاریجو بھی پولیس اسٹیشن جامشورو پہنچ گئے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی جامشورو تھانے پر پہنچ گیا اور تھانے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔
ادھر خیبرپختوخواہ بنوں میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی جس میں تمام اہلکار محفوظ رہے۔پولیس کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ ناکام بنا دیا گیا اور حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ پوسٹ پر لگے تھرمل کیمرہ کو نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد کی جانب سے ہیلتھ مرکز پر حملے میں پانچ شہری اور سپاہی جاں بحق ہوگئے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افراد نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر کری شموزئی پر حملہ کیا، مسلح افراد نے رورل ہیلتھ سینٹر کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچے اور ایک چوکی دار سمیت
پانچ افراد ھلاک ہوگئے۔
اس سے قبل، بنوں چھاؤنی پر خودکش حملے میں 8سیکیورٹی اہلکار جب کہ فوج کی شہر میں اندھا دھند فائرنگ میں 10 افراد مارے گئے تھے۔
واقع کے خلاف علاقہ مکینوں نےبنوں شاہراہ کو بند کردیا تھا ۔