کوئٹہ: بی ایل اے کے زیر حراست پنجاب کے رہائشی 10 میں سے تین افراد بازیاب
بلوچستان کے دارلحکومت شال کے علاقے زرغون سے متصل شعبان پکنک پوائنٹ سے مسلح افراد کے ہاتھوں اغواء ہونے والے تین افراد آج بازیاب ہوگئے ہیں، بازیاب ہونے والوں میں پنجاب کے رہائشی شخص سمیت کسٹم اہلکار شامل ہے۔
لیویز کنٹرول روم کے مطابق مذکورہ افراد میں کسٹم اہلکار حسن اور حارث اور بشیر شامل ہیں۔ رہا ہونے والے افراد زرغون غر سے شال پہنچ گئے ہیں۔
مذکورہ افراد کو رواں ماہ 20 جون کو اس وقت مسلح افراد نے اغواء کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے ،جب وہ پکنک پوائنٹ پر موجود تھے۔
بلوچ لبریشن آرمی نے شعبان سے دس افراد کو حراست میں لینے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو بلوچ قومی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ثبوت و شواہد کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔
تاہم آج اغواء شدہ دس میں سے تین افراد باحفاظت منظرعام پر آگئے ہیں ، مزید سات افراد تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔