بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ کا پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ اہم پریس کانفرنس دورں کہاکہ وڈھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے دو ارکان محمد انور اور محمد سلیم کو پاکستانی سیکورٹی فورس ایف سی کی جانب سے اغوا کیا گیا ہے جو قابل مذمت عمل ہے ۔
اس موقع پر بی این پی کے مرکزی انسانی حقوق سیکرٹری احمد نواز بلوچ، مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین حاجی باسط، غلام نبی مری، غلام رسول مینگل، چیئرمین واحد بلوچ، چیئرمین جاوید بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ سردار اختر مینگل نے اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے مظلوم اقوام کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ پارٹی کارکنوں کو ڈرانے کے لیے ایک طرف غیر قانونی لاپتہ کیاجارہاہے دوسری جانب ان پر غیر قانونی مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ بلوچستان کا مسئلہ ایک سیاسی مسئلہ ہے، اسے بیٹھ کر حل کیاجائے ۔
دریں اثناء مچھ سے جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والا شخص بازیاب ہوگیا ہے۔
رواں سال 2 فروری کو پاکستانی فورسز کے ہاتھوں بلوچستان کے علاقے مچھ سے جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والا وہاب کرد آج بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا۔
انکی بازیابی کی تصدیق لواحقین نے کردی ہے۔
بازیاب ہونے والے نوجوان وہاب کرد ایک سماجی کارکن ہیں اور وہ پاکستانی فورسز کے ہاتھوں دو مرتبہ جبری گمشدگی کا نشانہ بنے ہیں حالیہ جبری گمشدگی و بازیابی سے قبل انہیں 24 اگست 2022 کو لاپتہ کردیا گیا تھا جبکہ وہ چھ ماہ جبری گمشدگی کا نشانہ بنے کے بعد بازیاب ہوئے تھے۔