بلوچستان کے ضلع حب سے پاکستانی فورسز نے اسکول استاد بہروز دلاوری نامی نوجوان کو گذشتہ شب ان کے گھر سے زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد انکے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکے ہیں۔
بہروز دلاوری کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انہیں گذشتہ شب 2 بجکر 30 منٹ پر امیر آباد حب چوکی سے پاکستانی فورسز ایف سی اور سول ودردیوں میں ملبوس خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں نےگھر سے ماورائے عدالت اٹھا کر نامعلوم مقام منتقل کر دیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے موقع پر پیش آیا جب حب سے متصل کراچی سے پاکستانی فورسز و خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری لاپتہ دو افراد شعیب اور شاہ زمان کی گولیوں سے چھلنی نعشیں ملی ہیں۔
علاوہ ازیں مستونگ کے کلی پدہ کے رہائشی نوجوان شاہد منظور نے پسٹل سے فائر کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ لاش کو ضروری کاروائی کے لیے نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا-
خودکشی کی فوری وجہ معلوم نہیں ہوسکی، اس حوالے سے مزید کاروائی مقامی انتظامیہ کررہی ہے-
دریں اثناء لورالائی سب تحصےل میختر شہر کے قریب مسلح افراد کی موٹر سائیکل چھیننے کی واردات، مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوار نعمت اللہ ولد قدم جان قوم کبزئی نامی شخص کو قتل کردیا ۔ مسلح افراد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ لیویز نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔