بلوچستان کے مرکزی شہر شال میں پاکستانی فورسز نے رات گئے بلوچ قلم کار ذوالفقار علی زلفی کی اہلیہ ٹیلی ویژن اینکر طاہرہ بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارکر کمروں کی تلاشی لینے کے ساتھ گھر والوں کو شدید ذہنی دباؤ کا شکار بنایا ۔
ذوالفقار علی زلفی کے مطابق صبح قریب تین یا ساڑھے تین بجے پینٹ شرٹ میں ملبوس کچھ “نامعلوم” افراد شال میں میری اہلیہ طاہرہ بلوچ کے گھر دیوار پھلانگ کر زبردستی گھس گئے ـ گھر میں گھسنے سے پہلے انہوں نے گلی کی ساری سرکاری لائٹیں آف کروا دیں ۔ گھر میں پھلانگ کر آنے بعد اہلخانہ کو نیند سے جگاکر کر مختلف سوالات کئے گئے ـ گھر کی مکمل تلاشی لی ـ گھس بیٹھیوں سے جب پوچھا گیا کون ہو تو دھمکی آمیز لہجے میں کہا “زیادہ گہرائی میں مت جاؤ یہی تم لوگوں کے لئے بہتر ہے”
انہوں نے کہا کہ طاہرہ بلوچ ایک معروف ٹی وی اینکر اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ہیں ـایک بھرے شہر کے گنجان آباد علاقے میں جب ان کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے پھر دیہی علاقوں میں تو یہ وہ بربریت ڈھائیں گے جس کا کوئی تصور نہیں کرسکتا ہوگا۔