بھارت سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی۔روس نے اپنا ہی جنگی طیارہ مار گرایا۔برازیل فائرنگ 3 ڈاکٹر ہلاک



نئی دہلی،کیف، برازیل(صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی ریاست سِکم میں گزشتہ دنوں آنے والے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر53 ہوگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل سِکم میں کلاڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلاب آگیا تھا جس نے ریاست میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، سیلاب کے باعث ریاست میں ایک ڈیم اور کئی پل بہہ گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے تین دنوں میں دریائے تیستا سے 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں سے 7 کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ 140 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 1173 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 2413 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا اور 13پل سیلاب میں بہنے سے ریاست کے شمالی علاقوں میں جانے والے راستے منقطع ہوگئے ہیں۔ قدرتی آفت میں مرنے والوں کے لواحقین کیلئے سِکم کے وزیر اعلی نے 4 لاکھ بھارتی روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔


ادھر کیف سے (صباح نیوز) نے رپورٹ دی ہے کہ روس نے یوکرین میں کارروائی کے دوران اپنا ایک اور جنگی طیارہ مار گرایا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق روسی فوج نے یوکرین کے علاقے ماریو پول میں ایک کارروائی کے دوران فرینڈلی فائر میں اپنا ہی جنگی طیارہ سخوئی 35 مار گرایا۔ روس کی جانب سے ایک ہفتے میں غلطی سے اپنا ہی طیارہ مار گرانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والے جنگی طیارے کا پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس سے قبل 29 ستمبرکو روس کے ڈیفنس سسٹم نے اپنے ہی جنگی طیارے کو نشانہ بنا ڈالا تھا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔


اس طرح ریو ڈی جنیرو  سے (صباح نیوز) نے خبری جاری کی ہے کہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 3 ڈاکٹروں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی کر دیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز پر ساحل کے کنارے واقع ریسٹورنٹ کے باہر فائرنگ کی گئی جس کے بعد 3 ملزمان گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق مرنے والے ڈاکٹرز کی عمر 32، 33 اور 65 سال تھی، واقعے کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آئی ہیں تاہم پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تقریبا 30 سیکنڈ تک فائرنگ کی اور اس دوران انہوں نے 20 گولیاں چلائیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post