بلوچستان کے دارالحکومت شال ،چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، خانوزئی، زیارت، مسلم باغ، بوستان، کان مہترزئی، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں گزشتہ 12 گھنٹے سے شدید بارشیں جاری ہیں۔شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور برساتی نالوں میں طغیانی آگئی، جب کہ کوئٹہ چمن شاہراہ سبی شاہراہ ، بولان میں پنجرہ پل اور دیگر مقامات پر بند ہونے کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جسکی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق شمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے کی وجہ سے برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث دیہی علاقوں کی رابطہ سڑکیں آمدورفت کیلئے متاثر ہوئی ہیں۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ کوژک ٹاپ کے پہاڑی دروں کے سیلابی پانی سے کوئٹہ چمن شاہراہ متاثر ہوئی جہاں پانی کے ساتھ مٹی اور پتھر سڑک پر آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کوئٹہ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں اور گندگی سڑکوں پر بہنے سے لوگوں کو مشکلات پیش آتی رہیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔