بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ بی ایس ایف ملیر زون کا جنرل باڈی اجلاس بمورخہ 18 دسمبر 2022، بروز اتوار ملیر میں زیر صدارت زونل صدر گودی ہانی بلوچ منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سرکولر، سابقہ زونل کارکردگی رپورٹ، تنقیدی نشست، قومی و بین الاقوامی سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آٸندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے پرمغز انداز میں زیر بحث رہیں ۔اجلاس کے مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے رُکن لطیف لعل تھے۔
اجلاس میں مرکزی کمیٹی ممبر لطیف لعل نے عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی قوتوں نے اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل اور خودغرضانہ مفادات کے حصول کیلئے عالمی امن و امان اور مظلوم اور محکوم قوموں کی انسانی اور قومی حقوق کو بے دردی سے پامال کررہے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ سامراجی طاقتوں کی سیاسی اور معاشی رسہ کشی نے عالمی دنیا کو دو بلاک میں تقسیم کیا ہے۔ جس میں ایک جانب امریکہ اور ان کے اتحادی جبکہ دوسری جانب روس، چائنا اور انکے اتحادی شامل ہیں۔ ایک طرف روس اپنے مفادات کی دفاع کیلئے یوکرین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، وہیں دوسری طرف یوکرین کو امریکہ جیسے طاقتور ممالک اس جنگ میں بطور strategic tool مدد کررہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ، یہ عالمی سامراجی قوتیں جب بھی چاہیں، اپنے مفادات کے حصول کیلئے، عالمی قوانیں، ضوابط اور اصولوں کو بے شرمی اور بے دردی سے روندتے ہیں اور کسی کو جواب دہ نہیں ہوتے۔
تنظیمی امور کے ایجنڈے پر اظہار خیال کرتے ہوئے لطیف لعل نے تنظیم اور تنظیم کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم افراد کے مجموعے کا نام ہے ، جن کے نظریات ایک ہوتے ہیں، ایک مقصد کی حاصل کیلئے اصول اور ڈسپلن کے تحت کاربند رہتے ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ یہ تنظیم ہی ہے جو مختلف الخیال اور مختلف مزاج کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر منظم کرتا ہے، ان کی طاقت کو یکجا کرکے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو تراشتا ہے اور انھیں نظریاتی اور سیاسی انسان بناکر اجتماعیت کے سانچے میں ڈال کر سماج کیلئے بطور رہنما اور مدد گار کی اخلاقی زمہ داری سونپتی ہے۔
انھوں نے ملیر زون کے ساتھیوں کی کوششوں کو سراہا تے ہوئے کہاکہ وہ ان کٹھن حالات میں بھی اپنی تنظیم کیساتھ اپنے نظریات کیساتھ مضبوطی کیساتھ جڑے ہیں، اپنے عظیم مقاصد کے حصول کیلئے جہد مسلسل میں مصروف ہیں اور مرکزی ساتھیوں کیساتھ تعاون و مدد کررہے ہیں اور مرکزی سطح کے فیصلہ جات کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
آئندہ کے لائحہ عمل کے ایجنڈے میں ساتھیوں نے مختلف فیصلہ جات لیئے جن میں سابقہ زون کو تحلیل کر کے نئے زون کیلئے انتخابی عمل کا انعقاد کیا ۔ جس میں ملیر زون کا صدر جہانگیر بلوچ، نائب صدر ہانی بلوچ، جنرل سیکرٹری احمر بلوچ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری حسن بلوچ اور انفارمیشن سیکرٹری حامد بلوچ منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ، فیصلہ جات میں یونٹ سازی کے عمل کو تیز کرتے ہوئے یونٹس کی بحالی، تنظیمی ساتھیوں اور عام طلباء کی سیاسی تعلیم و تربیت اور کیڈرسازی، رابطہ کاری، تعلیمی اداروں میں زونل وزٹس کو برقرار رکھنا، مختلف تعلیمی اداروں میں کیئرکونسلنگ کا انعقاد اور کتاب کلچر کی پھیلاؤ وغیرہ شامل تھے۔ آخر میں ساتھیوں نے عہد کیا کہ وہ تنظیم کاری بھرپور جدوجہد کریں گے۔