مستونگ پڑنگ آباد کی رہائشی مقتول لیویز اہلکار شہید ظہور شاہ اور سید منظور شاہ کی والدہ نے سراوان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے لیویز اہلکار کو جان سے مارنےکی دھمکی پر وہ اپنے گھر تک محدود ہوگئےتھے اور بعد میں میرے بیٹے کو گھر کے پاس فائرنگ کرکے شہید کیاگیا۔
انھوں نے کہاکہ ہم غریب لوگ ہیں ، ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے ۔ میرے بیٹے کے قتل میں ملوث اصل قاتلوں کو چھپانے اور انہیں گرفتار کرنے کے بجائے میرے دوسرے بیٹے سید منظور شاہ کو گرفتار کرلیاگیا ہےاور انہیں زبردستی بھائی کاقاتل ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔
انھوں نے کہاہے کہ بیٹا بے قصور ہے اور میری شہید بیٹے کے قتل میں ملوث نہیں ہے ، انھیں جائداد پر قبضہ کرنے کیلئے سازش کے تحت گرفتار کروایا گیاہےاور شہید بیٹے کی پنشن کو بھی ہڑپنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
میرے ایک بیٹے کو شہید کیاگیا اور دوسرے بیٹے کو گرفتار کروا کر جیل میں 25 دن سے پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ بیٹے کے علاؤہ اب ہمارا کوئی نہیں ہے، ہم کسی کو اپنی فریاد سنائیں،خدا راہ ہماری فریاد سنی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کریں۔